ایشیا کپ میں بڑا فیصلہ، اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ میچ ریفری تبدیل

(کشمیر ڈیجیٹل) ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلے جانے والے اہم میچ سے قبل بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ زمبابوے سے تعلق رکھنے والے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا کر سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو نیا میچ ریفری مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے سپر فور مرحلے میں جگہ بنانے کے حوالے سے فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس تبدیلی کی بنیاد 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے بعد پیدا ہونے والا تنازع بنا۔ اس مقابلے میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کا 128 رنز کا ہدف سوریا کمار یادیو کی شاندار اننگز کی بدولت 16ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا تھا۔ میچ کے اختتام پر روایتی ہینڈ شیک کے بجائے سوریا کمار یادیو اور شیوَم دوبے نے صرف ’فسٹ بمپ‘ کیا اور سیدھا میدان سے باہر چلے گئے، جبکہ پاکستانی کھلاڑی ہاتھ ملانے کے لیے انتظار کرتے رہ گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس رویے اور میچ ریفری کے کردار پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے آئی سی سی اور ایم سی سی کو باضابطہ خط لکھا تھا۔ پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ ریفری کے کہنے پر کھلاڑیوں نے میچ سے پہلے اور بعد میں مصافحہ نہیں کیا، جو کھیل کی روح اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ اینڈی پائی کرافٹ اس ذمہ داری میں ناکام رہے اور ان کی جگہ تبدیلی ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے دو دہائیوں بعد منافع میں، 6 ماہ میں 11.5 ارب روپے کمائے

دلچسپ امر یہ ہے کہ ابتدائی طور پر بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پی سی بی کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے، تاہم بعد ازاں فیصلہ بدلتے ہوئے رچی رچرڈسن کو نیا میچ ریفری نامزد کر دیا گیا۔

Scroll to Top