(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف آج سہ ملکی دورے پر روانہ ہوں گے، جس کا آغاز سعودی عرب سے ہو گا۔ وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پرآج سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں ان کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان بھی ہوں گے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ دونوں رہنما خطے اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ توقع ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعاون کو باضابطہ شکل دی جائے گی جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی تعلقات ایمان، اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ اس ملاقات کو دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں منفرد شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے برطانیہ روانہ ہوں گے، جہاں ان کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ 21 ستمبر کو وہ امریکا جائیں گے اور نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہو گا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دیں
مزید برآں، وزیراعظم شہباز شریف 22 ستمبر کو فلسطین سے متعلق دو ریاستی حل کی سربراہ کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔