دہی بھلے

لاہور کے علاقے ہنجروال میں زہریلے دہی بھلے کھانے سے 2 افراد جاں بحق

لاہور (کشمیر ڈیجیٹل) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ناقص اور زہریلا کھانا کھانے کے باعث افسوسناک واقعات پیش آئے ہیں ، ہنجروال میں دہی بھلے کھانے سے دو افراد جاں بحق جبکہ رحیم یار خان میں باسی ناشتہ کرنے سے متعدد شہری بیمار ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالخلافہ کے علاقے ہنجروال میں زہریلے دہی بھلے کھانے سے دو افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک نوجوان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب 3 افراد نے مبینہ طور پر دہی بھلے کھائے جس کے فوراًبعد ان کی حالت بگڑگئی ۔

متاثرین کو فوری طور پر ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں 56 سالہ اشرف اور 30 سالہ سجاد دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، جبکہ 24 سالہ علی شیر کو ڈاکٹروں نے انتہائی نگہداشت میں رکھا ہوا ہے ۔ پولیس حکام  کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چلی میں پہلی بار اے آئی ٹیکنالوجی سے پتّے کی کامیاب سرجری

ادھر ضلع رحیم یار خان کے شہر خانپور میں بھی چاچڑاں شریف خیمہ بستی میں خراب ناشتہ کرنے سے 7 افراد بیمار ہو گئے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق متاثرین کو روٹی اور چھولے کا ناشتہ دیا گیا تھا، جس کے کھاتے ہی ان کی طبیعت خراب ہو گئی ۔ اطلاع ملنے پر تحصیل انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی جبکہ دیگر افراد نے ناشتہ کرنے سے انکار کر دیا ۔

دوسری جانب ساہیوال میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئےچاہ نولے والا کھوہ ہڑپہ کے علاقے سے 37 کلو غیر معیاری کھویا تلف کر دیا ۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کھوئے اور کریم میں مضر صحت اجزاء کی ملاوٹ پائی گئی جس پر پروڈکشن یونٹ کو سیل کر دیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

Scroll to Top