(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے قومی ٹیم کی پلئینگ الیون کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے پچ کے بغور جائزے کے بعد ٹیم کا انتخاب مشترکہ طور پر کیا۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مشاورت میں چند تبدیلیوں پر غور ہوا تھا، جن میں ابرار احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کی تجویز بھی شامل تھی۔ تاہم کپتان نے شاہین شاہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اسی طرح ابرار احمد کی جگہ حارث رؤف کو کھلانے پر بھی بات ہوئی، مگر کوچ اور کپتان نے آخرکار عمان کے خلاف کھیلی گئی پلئینگ الیون کو ہی برقرار رکھنے پر اتفاق کر لیا۔
ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بڑے میچ کے دباؤ میں آئے بغیر صرف کھیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے بالخصوص اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کو ہدایت کی کہ اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کریں اور ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025: دبئی میں آج پاکستان اور بھارت کا مقابلہ
قومی ٹیم کی موجودہ پلئینگ الیون برقرار رکھنے کے فیصلے سے واضح ہے کہ مینجمنٹ کھلاڑیوں کی فارم اور کمبی نیشن پر اعتماد رکھتی ہے۔ شائقین اب کل کے بڑے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔