سمعیہ ساجد

یاسین ملک کو پھانسی دلوانے کی بھارتی سازش ناقابلِ قبول ہے : سمعیہ ساجد

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل )مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ اور چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم (کواف) سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ممتاز حریت رہنما محمد یاسین ملک کو جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں پھانسی دلوانے کی کوشش ایک سنگین انسانی حقوقی جرم ہے، جو پوری کشمیری قوم کے ساتھ ساتھ عالمی انصاف کے تقاضوں کی بھی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ یاسین ملک جیسے پرامن سیاسی رہنما کو قید رکھنا اور اب پھانسی دینے کی سازش کرنا بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کشمیری عوام اس ظلم کے خلاف متحد ہیں اور پاکستان، خصوصاً اس کی عسکری قیادت، کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

سمعیہ ساجد نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بارہا اس بات کا اعادہ کر چکے ہیں کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دے گا ۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارت کے مظالم کو بے نقاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ پاکستانی فوج صرف سرحدوں کی محافظ نہیں بلکہ کشمیری عوام کے لیے ایک مضبوط آواز بھی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی انجینئرز کے لیے چین سے تاریخی معاہدہ طے

سمعیہ ساجد نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، او آئی سی، اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں اور بھارت کو اس ظلم سے باز رکھا جائے ۔

انہوںکہا ہے کہ ہم حریت قائدین کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور یاسین ملک کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ تحریکِ آزادی کشمیر شہداء کے لہو، خواتین کی قربانیوں، نوجوانوں کی قربانیوں، اور پاکستان کے مضبوط ساتھ سے ضرور کامیاب ہوگی ۔

Scroll to Top