(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزادی ایک عظیم نعمت کبریٰ ہے، معرکۂ حق کی کامیابی کی بدولت پاکستان کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جائے، خطہ انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن کمیٹی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور پرامن ماحول کو خراب نہ کرے، مطالبات کا حل صرف اور صرف ڈائیلاگ سے ممکن ہے۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ دشمن آزاد کشمیر کے خطے پر نظریں جمائے بیٹھا ہے، ایسا نہ ہو کہ آپس کی لڑائی میں دشمن فائدہ حاصل کرلے۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان اور عہدیداران ایسی کسی تحریکوں کا حصہ نہ بنیں اور ایک ذمہ دار ریاستی ہونے کا ثبوت دیں۔ یہ ریاست ہے تو ہم سب ہیں، اگر یہ ریاست نہ ہو تو کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مثال ہمارے سامنے ہے، ایسا نہ ہو کہ ہماری آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہ کریں۔ ایک طبقہ ایسا موجود ہے جو ریاست کی تقسیم کرنا چاہتا ہے، جس کے سامنے ہم ڈھال بنے ہوئے ہیں۔ ہمارے لیڈروں نے اس خطے کی آزادی اور سہولیات کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، ناشکری کے بجائے ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔
شاہ غلام قادر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تمام برادریوں کا گلدستہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جو تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ جماعت برادری نہیں برابری کی بنیاد پر ریاستی تعمیر و ترقی کا جامع ویژن رکھتی ہے۔ وادی نیلم کے بسنے والے لوگ نفیس ہیں اور اچھے لوگوں کو تاریخی جماعت ہی میں آنا چاہیے۔ آزاد کشمیر کے لوگ میرے دل کے قریب رہتے ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کے دل میں بستے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے نہ کہ جھوٹے دعوے کیے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی، عوام کسی کے جھانسے میں نہ آئیں۔ کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آپس میں اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو مضبوط سے مضبوط تر کریں۔ مسلم لیگ (ن) کے دروازے کھلے ہیں اور یہ ہر کارکن، ہر ورکر اور ہر ووٹر کی عزت نفس کا خیال رکھنے والی جماعت ہے۔ جس کا رزق اللہ کی طرف سے لکھا ہوتا ہے، وہ مل کر ہی رہتا ہے اور جس کا نہیں ہوتا، اس کو دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں دے سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: اتحاد، ایمان اور قربانی: بابائے قوم کی 77ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ وقت دور نہیں جب آزاد کشمیر میں دوبارہ ترقی کا پہیہ شروع ہونے والا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا نام تعمیر و ترقی ہے اور یہ جماعت پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقی کرنے والی جماعت ہے۔