(کشمیر ڈیجیٹل) ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ کی اہم شاہراہ کہوٹہ تا کالامولہ طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے اور اب یہ سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق سڑک پر بڑے بڑے گڑھے، ٹوٹ پھوٹ اور کچی جگہوں کے باعث سفر انتہائی دشوار اور خطرناک ہوچکا ہے۔ آئے روز موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے الٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں جن میں قیمتی جانیں ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔
شہریوں نے بتایا کہ یہ سڑک قریبی دیہات کو آپس میں ملانے کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور اسپتالوں تک پہنچنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ طلبہ کو اسکول بروقت پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنا بھی ایک چیلنج بن گیا ہے۔ کاروباری طبقہ بھی متاثر ہو رہا ہے کیونکہ آمد و رفت میں رکاوٹوں کے باعث تجارتی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات اور مطالبات کے باوجود محکمہ شاہرات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ عوامی نمائندے بھی وعدوں تک محدود رہے جس پر شہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے ستلج میں مزید پانی چھوڑدیا، پاکپتن میں 23 گاؤں مکمل زیرآب
اہل علاقہ نے ایک بار پھر ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کہوٹہ تا کالامولہ روڈ کی فوری مرمت اور بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مستقل پریشانیوں اور حادثات سے نجات مل سکے۔