رحمتِ دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت آج پاکستان بھر میں مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و محبت اور احترام کے ساتھ منایا گیا اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، کراچی سے راولپنڈی تک چاروں صوبوں، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا کی گلیاں، مساجد، بازار اور چوراہے درود و سلام، نعتوں کی صداؤں اور عشقِ رسول ﷺ سے گونجتے رہے۔
یوم ولادت سرکارِ دو عالم خاتم النبین حضرت محمد ﷺ 31 توپوں کی سلامی:
رحمتِ دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت پاک فوج کی وفاقی دارلحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارلحکومتوں میں21 توپوں کی سلامی دی گئی، ملک بھر میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، سلامی کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا اور فضا اللہ اکبر اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، 12 ربیع الاوّل کے موقع پر ملک بھر میں رات بھر چراغاں کیا گیا، محافل میں حضورﷺ کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے گئےاور آقائے دو جہاں ﷺ کے حضور درود و سلام پیش کیاگیا۔
ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی جشنِ عید میلادالنبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ راولاکوٹ، وادی نیلم اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں اور قصبوں میں جلوس، ریلیاں اور محافلِ میلاد ﷺ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
راولاکوٹ میں سپلائی بازار میلاد چوک سے ہزاروں افراد پر مشتمل جلوس برآمد ہوا، جس کی قیادت علما و مشائخ، مذہبی جماعتوں کے قائدین اور طلبہ کر رہے تھے۔ شہر کی فضائیں “آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا” کے نعروں سے گونجتی رہیں، جبکہ مختلف مقامات پر لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس اور محافل کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
وادی نیلم میں بھی جشنِ عید میلادالنبی ﷺ نہایت جوش و جذبے اور مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اپر نیلم سے ریلی مرکز آٹھمقام پہنچی، جہاں جامع مسجد آٹھمقام میں محفلِ میلاد ﷺ کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کی جانب سے شرکاء کے لیے لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ڈوگہ شریف شاردا سے مرکز پل تک بھی ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر شاردا راجہ بلال، ڈی ایس پی سردار فیاض سرور اور عوامِ علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ دودھنیال بٹنگی سے دوسٹ تک بھی عید میلادالنبی ﷺ ریلی نکالی گئی۔
ان ریلیوں سے سیرت کمیٹی کے نائب صدر سید مبشر گیلانی، چیئرمین یونین کونسل دودھنیال اختر ڈار، سابق ڈسٹرکٹ کونسلر عبدالقیوم بٹ، حاجی جمشید میر، مولانا صبور اقبال، قاری ملک ممتاز، مشتاق بٹ، ملک امتیاز اور معلم سید نسیم حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی اور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے پر زور دیا۔
مظفرآباد میں بھی عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس اور ریلیوں کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ پروگرام پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
سرکاری اور نجی سطح پر ملک بھر میں محافلِ میلاد ﷺ ، نعت خوانی اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔
عقیدت، محبت اور اجتماعیت کا دن:
ادھرعید میلاد النبی ﷺ کی روحانی خوشبو سے ملک کا چپہ چپہ معطر رہا، کھارادر کی جگمگاتی چاغلہ اسٹریٹ سے راولپنڈی کے تاریخی راجہ بازار تک، ہر گلی میں محبتِ رسول ﷺ کے نعرے، درود و سلام اور نعتوں کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔ شہریوں نے وسیع پیمانے پر لنگر، شربت اور کھانے تقسیم کیے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: احساس پروگرام 2025: رقم حاصل کرنے کا اصل طریقہ کیا ہے؟