اگلی بار سکور 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا، ایئر وائس مارشل شہریار خان کا یوم دفاع پرخطاب

(کشمیر ڈیجیٹل) یومِ دفاع کے موقع پر ملک بھر میں پروقار تقریبات منعقد ہوئیں، مزارِ قائد، مزارِ اقبال اور نیول ہیڈکوارٹرز پر گارڈز کی تبدیلی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

کراچی میں مزارِ قائد پر پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے جنہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے اور پریڈ کا معائنہ کیا۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کو مایوس نہیں کیا اور دفاعِ وطن کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کو ماضی کی طرح آئندہ بھی منہ کی کھانی پڑے گی، اب مقابلہ 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کی اور ثابت کیا کہ پاکستانی افواج نے ہمیشہ دشمن کے عزائم خاک میں ملائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گارڈز کی تبدیلی محض ایک رسم نہیں بلکہ قائداعظم کے نظریات کی یاد دہانی ہے۔ قدرتی آفات اور ریسکیو آپریشنز میں بھی پاک فضائیہ نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ائیر چیف مارشل بابر سدھو کی قیادت میں ایئر فورس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہو چکی ہے اور فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

کمانڈنگ آفیسر نے تقریب میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کو امن کا گہوارہ بنایا، ان کے والدین بھی پوری قوم کی طرف سے عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔

ادھر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقریب ہوئی جہاں پاک فوج اور رینجرز کے دستوں نے سلامی دی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید فیاض حسین شاہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔

اسی طرح پاک بحریہ کے ہیڈکوارٹرز میں یادگارِ شہداء پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے لیے دعائیں کی گئیں۔

خیال رہے کہ یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ مساجد میں فجر کے بعد ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہداء جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

رواں برس مئی کی جنگ میں مسلح افواج نے بھارت کو شکست دیتے ہوئے جدید رافیل طیارے اور متعدد جنگی جہاز مار گرائے اور کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کیا تھا۔

Scroll to Top