(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج بھی کشمیر سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان، مری اور گلیات کے پہاڑی مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمے نے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں طغیانی، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، جس کے باعث پہاڑی راستے بند ہونے کا اندیشہ ہے۔
ادھر پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش نے سیلاب متاثرین کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں، جبکہ راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ صوبے میں مختلف حادثات کے نتیجے میں اموات کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھی آج کہیں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شام یا رات میں بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان کے کچھ مقامات پر بھی بارش متوقع ہے۔
موسم کا حال بتانے والے ماہرین نے بتایا کہ 2 ستمبر تک کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور نوشہرہ سمیت دیگر اضلاع میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلابی صورتحال سنگین، دریائے چناب کا ریلا جھنگ میں داخل، 180 دیہات زیر آب
مزید براں بلوچستان کے بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، قلات اور خضدار کے علاوہ سندھ کے مٹھی، تھر پارکر، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔