پاکستان کے معروف کرکٹر شاہد خان آفریدی مظفرآباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقد ہونے والے نمائشی میچ میں شرکت کریں گے۔
آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے تعلقات بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ “مظفرآباد میں کرکٹ کھیلنے سے نئے روابط قائم ہو سکتے ہیں جو کسی اور طریقے سے ممکن نہیں ہیں۔”
آفریدی نے مزید کہا کہ اگر نیت صاف ہو تو کام ہو کر رہتا ہے اور ہم نے ماضی میں کرکٹ کے ذریعے اپنے تعلقات کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں بھارت جا کر کرکٹ کھیلا، لیکن “جو جواب ہم امید کر رہے تھے وہ بھارت سے نہیں آیا۔”
آفریدی نے بھارتی حکومت کی جانب سے کوئی مثبت ردعمل نہ ملنے کا ذکر بھی کیا اور کہا، “میرے بس میں ہو تو میں سری نگر میں کرکٹ لیگ کروا دوں۔ اگر سری نگر کے ایس ایل میں ٹیم بنے گی تو میں بطور مینٹور، کوچ یا کرکٹر اس کو لیڈ کروں گا۔”
انھوں نے مزید کہا کہ خوبصورتی لوگوں سے ہوتی ہے یہاں کے لوگ اچھے ہیں اسے لیے وہ یہاں آتے ہیں ، لیگ بنانے کے لیےلوکل گورنمنٹ کی سپورٹ کی ضرورت ہے ۔ ان کے اس بیان سے نہ صرف کشمیر کے ساتھ محبت کا پیغام دیا گیا ہے بلکہ کرکٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کی گئی ہے۔