(کشمیر ڈیجیٹل)ماہِ ربیع الاوّل 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جس میں کمیٹی کے اراکین کے ساتھ وزارتِ مذہبی امور، محکمہ موسمیات، سپارکو اور وزارتِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ اسی روز لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے، تاہم چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان مرکزی کمیٹی کے چیئرمین کریں گے۔
ادھر سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ربیع الاوّل کا چاند آج (24 اگست) کو نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ ادارے کے مطابق چاند کی پیدائش گزشتہ روز 11 بج کر 6 منٹ پر ہوچکی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور چاند غروب کے درمیان تقریباً 45 منٹ کا فرق ہوگا، جو رویت کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گا بشرطیکہ مطلع صاف ہو۔ اس حساب سے یکم ربیع الاوّل پیر 25 اگست کو ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
عرب دنیا میں صورتحال مختلف رہی۔ سعودی عرب میں گزشتہ روز چاند نظر آنے کی تصدیق ہوچکی ہے جس کے بعد آج (24 اگست) یکم ربیع الاوّل ہے۔ مکہ مکرمہ کے کلاک ٹاور کو بھی اس موقع پر روشن کیا گیا جبکہ سعودی سپریم کورٹ نے اعلان کیا کہ 12 ربیع الاوّل بروز جمعرات 4 ستمبر کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار قومی سطح پر سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا گیا
اسی طرح عمان میں بھی 23 اگست کو چاند کی رویت کی تصدیق کی گئی ہے اور وہاں آج (اتوار) یکم ربیع الاوّل ہے۔ قبل ازیں کویت نے بھی اعلان کیا تھا کہ یوم ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر 4 ستمبر کو عام تعطیل ہوگی۔