شہری پانی کو ترس رہے، بااثر مافیا کی ٹینکی سے روزانہ پانی سڑکوں پر ضائع!

(کشمیر ڈیجیٹل) میرپور میں بااثر مافیا کی مبینہ کارروائیوں نے شہر کا نقشہ بدل ڈالا ہے، جبکہ شہری طویل عرصے سے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میرپور کے سیکٹر سی ٹو مین روڈ پر سری نگر اسپتال کے سامنے قائم ایک پلازے کے باہر انڈر گراؤنڈ پانی کی ٹینکی بنائی گئی ہے جس میں براہِ راست ٹیوب ویل لائن کا کنکشن موجود ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود اس ٹینکی سے روزانہ کی بنیاد پر پانی اوور فلو ہو کر سڑک پر ضائع ہوتا رہتا ہے، یہاں تک کہ رات بھر مسلسل پانی بہتا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق یہ سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے لیکن مجال ہے کہ یہاں سے گزرنے والے کسی بھی افسر نے اب تک کوئی کارروائی کی ہو۔ نہ تو اس تجاوزات پر بنائی گئی ٹینکی کو ہٹایا گیا اور نہ ہی اس میں لگے غیر قانونی ٹیوب ویل کنکشن کو ختم کرایا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کبھی کوئی ایکشن لیا بھی جاتا ہے تو وہ صرف رپورٹ کی حد تک محدود رہتا ہے، جبکہ دی جانے والی رپورٹس میں سب اچھا قرار دے دیا جاتا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی کا اعتراف جرم، قوم سے معافی مانگ لی

شہریوں نے میرپور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین مسئلے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پانی ضائع کرنے والے عناصر اور غیر قانونی کنکشن استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔

Scroll to Top