(کشمیر ڈیجیٹل)اسلام آباد میں زرداری ہاؤس کے اندر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پارلیمانی لیڈر سردار یعقوب خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں رہنما پیپلز پارٹی چوہدری محمد ریاض نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یسین، اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان، ممبر سی ای سی چوہدری پرویز اشرف، سیکرٹری جنرل راجہ فیصل راٹھور، وزیر حکومت میاں عبدالوحید، وزیر حکومت و سیکرٹری اطلاعات سردار محمد جاوید ایوب، وزراء حکومت جاوید اقبال بڈھانوی، سید بازل علی نقوی، سردار ضیاء القمر، چوہدری علی شان سونی، چوہدری رفیق نیر، سردار احمد صغیر اور جاوید بٹ بھی شریک ہوئے۔
پارلیمانی پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے صدر پاکستان آصف علی زرداری کے فیصلوں کو دانشمندانہ اور قومی مفاد میں قرار دیا۔ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے عالمی سطح پر پاکستان اور کشمیر کے مؤقف کی کامیاب نمائندگی اور نشانِ امتیاز ملنے پر بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکاء نے عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور پیپلز پارٹی ہمیشہ ملکی سالمیت کے دفاع میں صفِ اوّل میں کھڑی ہوگی۔ اجلاس میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ پاکستان کشمیری عوام کی اُمنگوں کا اصل مرکز اور محور ہے۔
پارٹی قیادت نے اس موقع پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیش نے پاکستانی حکام کے لیے ویزا شرط ختم کردی
اجلاس کے اختتام پر حالیہ بارشوں اور طغیانی کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔