ملک میں آج سے 30 اگست تک شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ

(کشمیر ڈیجیٹل) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیشگوئی کی ہے کہ آج 23 اگست سے 30 اگست تک ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشیں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں 23 تا 30 اگست کے دوران موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اٹک، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، سیالکوٹ، گجرات اور حافظ آباد میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے اضلاع حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش کے باعث ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں بھی 23 سے 30 اگست کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں۔

شمالی علاقہ جات میں 23 تا 27 اگست کے دوران گلگت بلتستان سمیت گلگت، اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، استور، گانچھے اور شگر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

سندھ میں 27 سے 30 اگست کے دوران کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر سمیت حیدرآباد، جامشورو، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی اور لاڑکانہ میں بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

بلوچستان میں 27 تا 30 اگست کے دوران لسبیلہ، خضدار، آواران، قلات، گوادر، تربت، کیچ اور پنجگور میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب اور لورالائی میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ بارکھان، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالاباغ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے جبکہ دریائے راوی اور چناب کے اطراف میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ہے۔

Scroll to Top