مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزادجموں و کشمیر میں محکمہ پولیس کی کارکردگی پر عوامی حلقوں اور سول سوسائٹی نے ایک بار پھر سوالات اُٹھا دئیے ۔
تین سال قبل دارالحکومت میں نئے تھانے کے قیام کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس سے سفارشات طلب کی گئی تھیں ، تاہم ڈھائی سال گزر جانے کے باوجود یہ سفارشات تاحال سامنے نہ آ سکیں ۔ زمینی حقائق کے مطابق مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں مزید دو پولیس اسٹیشنز کی اشد ضرورت ہے ۔
شہر سے باہر واقع علاقوں جیسے ٹھوٹھہ سیٹلائیٹ ٹاؤن، لنگرپورہ ہاؤسنگ کالونی ، ایئرپورٹ، کردلہ ٹنڈالی اور کر ولی سمیت متعدد دیہات میں اگر کسی ہنگامی واقعہ کی صورت میں پولیس کی ضرورت پیش آئے تو پولیس کی رسائی میں خاصا وقت لگتا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ڈڈیال:مبینہ جعلی پولیس اہلکاروں کا غریب ملازم پر بدترین تشدد
شہری آبادی میں اضافے اور لوگوں کے مضافاتی علاقوں کی جانب منتقل ہونے کی وجہ سے 2023 میں ایس ایس پی مظفرآباد نے نئے تھانوں کے قیام کے حوالے سے سفارشات طلب کی تھیں۔ عوامی حلقوں اور سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اب ان سفارشات پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے تاکہ بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پایا جا سکے ۔
موجودہ حالات کے پیش نظر ہر علاقے میں جرائم کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور پولیس کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے ان علاقوں میں تھانے قائم کرنا وقت کی ضرورت قرار دیا جا رہا ہے ۔