آزاد کشمیر میں کہوڑی تا کامسر اور چھلپانی سرنگوں کا منصوبہ روک دیا گیا

(رپورٹ: مسعود الرحمن عباسی)آزاد کشمیر میں سعودی فنڈ برائے ترقی کے تعاون سے کہوڑی تا کامسر اور چھلپانی کے مقام پر دو سرنگوں کی تعمیر کا منصوبہ التواء کا شکار ہونے کے بعد باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق منصوبے کی لاگت 9 ارب 18 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، جس میں سعودی فنڈ کی جانب سے 20 کروڑ 62 لاکھ سعودی ریال کا قرضہ فراہم کیا جانا تھا۔ منصوبے کے تحت کہوڑی تا کامسر 3.7 کلومیٹر اور چھلپانی کے مقام پر 6 کلومیٹر طویل سرنگ تعمیر کی جانا تھی۔ منصوبے پر عملدرآمد نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے کرنا تھا جبکہ دیکھ بھال حکومت آزاد کشمیر کی ذمہ داری تھی۔

تاہم منصوبے کے حوالے سے اقتصادی امور ڈویژن میں ہونے والی پیش رفت میٹنگ میں سعودی فنڈ نے مشاورت کے بعد بتایا کہ موجودہ جغرافیائی حالات اور زمین کی ساخت کے پیش نظر سرنگوں کی تعمیر فی الحال ممکن نہیں۔ اس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری حکومت آزاد کشمیر نے بھی رائے دی کہ یہ منصوبہ موجودہ حالات میں قابل عمل نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کا خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

ذرائع کے مطابق ماہرین نے ڈیزائن، ٹینڈر اور تعمیراتی نگرانی کی تیاری شروع کی تھی لیکن کام روک دیا گیا۔ نتیجتاً یہ منصوبہ آئندہ سرکاری ترقیاتی پروگرام (PSDP) 2025-26 سے خارج کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top