(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر محکمہ ایلیمینٹری و سیکنڈری ایجوکیشن نے پانچ روزہ تعلیمی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، سرکاری و نجی تمام تعلیمی ادارے 19 اگست سے 23 اگست 2025 تک بند رہیں گے۔ اس دوران اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ خطے میں جاری مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث لیا گیا ہے، جن سے لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ضلع باغ کی انتظامیہ نے خراب موسم کے باعث دو روزہ تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سرکاری ملازمتوں اور داخلوں کے لیے کوٹہ سسٹم ختم کر دیا
دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد ہائی فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث مزید نقصانات ہو سکتے ہیں۔