(کشمیر ڈیجیٹل)سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے 496 معلمین القرآن کی برطرفی کے خلاف ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دائر اپیلوں کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس خواجہ محمد نسیم اور جسٹس رضا علی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی چھ مختلف اپیلوں کو سماعت کے لیے منظور کیا۔ یہ اپیلیں مختلف اضلاع سے دائر کی گئی تھیں۔
محکمہ تعلیم کے لیگل ایڈوائزر شیخ عتیق الرحمٰن کی وساطت سے دائر اپیلوں کے ساتھ ساتھ آٹھ پرائیویٹ اپیلیں بھی پہلے ہی سماعت کے لیے منظور ہوچکی ہیں، جنہیں یکجا کرتے ہوئے آئندہ سماعت کی تاریخ 26 اگست مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سرکاری ملازمتوں اور داخلوں کے لیے کوٹہ سسٹم ختم کر دیا
یاد رہے کہ عدالتِ عالیہ نے اپنے فیصلے میں 496 معلمین القرآن بی ون کے سلیکشن پراسیس کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔ تاہم محکمہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ تقرریاں سپریم کورٹ کے پہلے سے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی تھیں۔