(کشمیر ڈیجیٹل)آذربائیجان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ’’پیٹریاٹک وار میڈل‘‘ سے نواز دیا۔ یہ اعزاز صدر الہام علیوف کی جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عسکری تعاون میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آذربائیجان کے پہلے نائب وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) سے ملاقات کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ اعلیٰ سطحی ملاقات پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیشرفت ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی اور خصوصاً خطے و عالمی سلامتی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
آرمی چیف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو مبارکباد بھی پیش کی۔
مہمان عسکری رہنما نے ’’معرکۂ حق‘‘ اور ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ میں پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کو یومِ آزادی اور یومِ فتح کی تقریبات کے لیے نیک خواہشات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے صدر الہام علیوف کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’’پیٹریاٹک وار میڈل‘‘ پیش کیا۔
آذربائیجان کے وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہا اور دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے پاکستان کی گرمجوش میزبانی اور ہر مشکل وقت میں آذربائیجان کے ساتھ کھڑے رہنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اس سے قبل، جی ایچ کیو آمد پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وائرل وہیل ٹرینر جیسکا ریڈکلف ویڈیو کا پول کھل گیا، حقیقت نے سب کو حیران کر دیا