یوم یکجہتی کشمیر: دارالحکومت کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچموں سے سجا دیا گیا

مظفرآباد : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد میں تیاریاں عروج پر ہیں اور شہر کی سڑکوں، چوراہوں اور اہم عمارتوں کو پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔

5 فروری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کے خلاف بھرپور احتجاج اور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا جس میں سیاسی و سماجی قیادت سمیت عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ وزیر اعظم پاکستان سمیت اہم سیاسی شخصیات اس موقع پر آزاد کشمیر آئیں گی جبکہ وزیر اعظم پاکستان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فیفا کلب ورلڈ کپ میں پاکستانی فٹبالر کی تاریخ ساز انٹری

ملک بھر میں ریلیاں، سیمینار اور اجتماعات منعقد کیے جائیں گے جن میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا جائے گا۔ مختلف شہروں میں انسانی زنجیر بنا کر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا جبکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عوامی جوش و خروش دیدنی ہے اور ہر جانب آزادی و یکجہتی کے نعروں کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

Scroll to Top