مظفر آباد

مظفر آباد کی منڈیوں میں انتظامیہ کی غفلت پر سوالات اٹھ گئے

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں ٹاہلی منڈی اور سبزی منڈی کے علاقوں میں رش کے باعث انتظامی غفلت کے مناظر دیکھے جا رہے ہیں ۔

اتوار کے روز بھی بلدیہ کے عملے کی غیر موجودگی اور ناقص انتظامات کی وجہ سے نہ صرف شہر کو ٹریفک جام کا سامنا ہے بلکہ شہریوں کی جان کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں ۔

مین روڈ پر لگائی گئی ریڑھیاں اور قریب میں راولپنڈی اڈہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بن چکے ہیں ، جس سے بڑی گاڑیاں موڑ کاٹتے ہوئے پھنس جاتی ہیں ۔

اس کے علاوہ، چھوٹے بچے جو اپنی چھوٹی چھوٹی ٹوکریوں میں فروٹ فروخت کرنے کے لیے بازار میں بیٹھے ہیں، ان کی حفاظت کے حوالے سے بھی انتظامیہ کو کوئی خبر نہیں ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:اپر گریس سے پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان شاہ غلام قادر کے فاقلے میں شامل

اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے ، جیسے کہ بچے ٹائر کے نیچے آجائیں تو ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی بڑا حادثہ یا نقصان نہیں ہوتا ، متعلقہ ادارے کوئی کاروائی نہیں کرتے ۔

اتوار کو بلدیہ کے ملازمین کی چھٹی کے باوجود انتظامیہ کی جانب سےسٹی میں کوئی متبادل انتظام نظر نہیں آتا ، جس پر سوال اٹھتا ہے کہ اگر کسی کا جانی نقصان ہو جائے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟

یہ صورت حال آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے لیے سوالیہ نشان بن چکی ہے  اور شہری متعلقہ حکام سے فوری طور پر اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔

Scroll to Top