(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کی اسپیشل فورسز کے درمیان پہلی دو طرفہ مشق کا انعقاد کراچی میں کیا گیا۔ اس مشق میں سمندر اور خشکی پر مختلف نوعیت کے جنگی آپریشنز اور فائرنگ کے مظاہرے پیش کیے گئے، جن کا مقصد مشترکہ دفاعی حکمت عملی کو بہتر بنانا اور باہمی عسکری تعاون کو فروغ دینا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ اپنی نوعیت کی پہلی مشق ہے جس میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے شہری علاقوں میں فوجی کارروائیوں، جنگی منظرناموں اور مختلف ہتھیاروں کے عملی استعمال کا مظاہرہ کیا۔
مشق کے دوران اسپیشل فورسز نے اپنی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ آپریشنز کی تیاری، ساحلی علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور دفاعی حکمتِ عملیوں پر عملدرآمد کو مؤثر بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: تین روپوش افسران کی حوالگی کے لیے پولیس کا محکمہ تعمیرات کو مراسلہ
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ دو طرفہ مشق نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کی بحری افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے بلکہ یہ عسکری اشتراک کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ہے۔