(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی آزاد کشمیر، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ مظفرآباد سمیت کئی علاقوں میں رات سے ہی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
آج صبح اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی موسلادھار بارش نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا۔ ایک نجی چینل کے مطابق کئی علاقوں میں پانی گھروں، دکانوں اور سڑکوں پر جمع ہو گیا، جبکہ نالہ لئی کے گردونواح میں صورتحال خاصی خراب رہی۔ مختلف شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کر رہی تھیں اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ تاہم آزاد کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے خطرات موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر بننے کی افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ موسم سے متعلق الرٹس پر نظر رکھیں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔