امریکی ویزے کے خواہشمندوں سے 15 ہزار ڈالر زرضمانت لینے کی تجویز

(کشمیر ڈیجیٹل) امریکہ نے سیاحتی اور کاروباری ویزا حاصل کرنے والے افراد کے لیے نئی شرائط متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت مخصوص درخواست گزاروں سے امریکہ میں داخلے سے قبل 15 ہزار امریکی ڈالر تک زرضمانت طلب کی جائے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک سالہ پائلٹ پروگرام کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ویزا پالیسی میں سختی لانا ہے۔ اس اقدام کا اطلاق “بی ون” (کاروباری) اور “بی ٹو” (سیاحتی) ویزا کیٹیگریز پر ہوگا اور اس کی باقاعدہ نفاذ کی تاریخ 20 اگست مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام اُن ممالک کے شہریوں کے لیے ہے جن سے متعلق یہ شکایات سامنے آئی ہیں کہ وہ ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم رہتے ہیں یا جن کی سفری دستاویزات میں سیکیورٹی سے متعلق کمزوریاں پائی گئی ہیں۔ ان افراد سے پانچ ہزار، دس ہزار یا پندرہ ہزار ڈالر کی ضمانت لی جائے گی۔

یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ویزا پالیسیوں کو مزید سخت بنانے کے جاری سلسلے کا حصہ ہے۔ حالیہ دنوں میں محکمہ خارجہ نے ویزا کی تجدید کے لیے اضافی انٹرویو لازمی قرار دیا ہے، جو پہلے ضروری نہیں تھا۔ اس کے علاوہ، ڈائیورسٹی ویزا لاٹری کے لیے درخواست گزاروں پر یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملک کا درست پاسپورٹ جمع کروائیں۔

فیڈرل رجسٹر کی ویب سائٹ پر جاری کردہ نوٹس کے مطابق، پائلٹ پروگرام اس کی اشاعت کے 15 دن بعد نافذالعمل ہو جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو امریکی حکومت کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی ریلی

نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ زرضمانت ہر درخواست گزار کے لیے لازمی نہیں ہوگی بلکہ انفرادی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سے استثنا بھی دیا جا سکتا ہے۔ جبکہ ان ممالک کی فہرست، جن پر یہ پالیسی لاگو ہوگی، پالیسی کے نفاذ کے بعد جاری کی جائے گی۔

Scroll to Top