بھارتی جبر کے باوجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں، پاکستان ان کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا: اسحاق ڈار

(کشمیر ڈیجیٹل)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام اپنی حقِ خودارادیت کی جدوجہد پر ثابت قدم ہیں، اور پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ نہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرے بلکہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت بھی دلوائے۔

یومِ استحصال کے موقع پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت گزشتہ اٹھتر برسوں سے کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم کر رہا ہے۔ پانچ اگست 2019 کے بعد، اس نے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے، میڈیا پر پابندیاں لگانے، اور سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرنے جیسے اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ان تمام مظالم کے باوجود کشمیری عوام حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی واخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، صدر،وزیراعظم پاکستان

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا، پاکستان ان کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔

Scroll to Top