لاڈرہل:فلوریڈا میں کھیلے جا رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 134 رنز کا ہدف دیا ہے ۔
پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر دباؤ کا شکار رہی ۔ اوپنر صائم ایوب صرف 7 رنز بنا کر جیسن ہولڈر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئےجبکہ دوسرے اوپنر صاحبزادہ فرحان بھی 3 رنز پر ہولڈر کانشانہ بنے ۔
یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرا ٹی 20: گرین شرٹس کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
محمد حارث محض 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔ فخر زمان نے کچھ دیرمزاحمت کی اور 20 رنز بنائے مگر وہ بھی روسٹن چیز کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے ۔
پاکستان کی اننگز کا واحد مثبت پہلو نوجوان بیٹر حسن نواز کی شاندار بلے بازی تھی جنہوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 قیمتی رنز جوڑے لیکن وہ بھی جیسن ہولڈر کی گیند پرمیدان بدر ہو گئے ۔ آل راؤنڈرفہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز : ٹائٹل جنوبی افریقہ نے اپنے نام کر لیا
ایک موقع پر پاکستان کا اسکور 117 پر سات وکٹوں کے نقصان تک پہنچ چکا تھا تاہم نچلے نمبرز کے بیٹرز نے کچھ مزاحمت دکھاتے ہوئے ٹیم کا مجموعی اسکور 133 تک پہنچایا ۔
میچ میں پاکستان نے ایک تبدیلی کی ، حارث رؤف کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان، دبئی اور ابوظہبی میں میدان سجے گا