(کشمیر ڈیجیٹل)نجی حج اسکیم کے تحت 2025 میں حج سے محروم رہ جانے والے پاکستانی عازمین کو آئندہ سال حج کا موقع دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے معاملات طے پاچکے ہیں اور پرائیویٹ حج آپریٹرز ان عازمین سے کسی قسم کی اضافی رقم وصول نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حج آرگنائزرز کی نمائندہ تنظیم “ہوپ” (حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن پاکستان) نے وزارتِ مذہبی امور کو اس بات کی باضابطہ یقین دہانی کرادی ہے کہ 25 سے 26 ہزار کے لگ بھگ متاثرہ عازمین کو اگلے برس حج پر بھیجا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ نجی اسکیم کے تحت رہ جانے والے ان عازمین کے تقریباً 36 ارب روپے سعودی عرب میں موجود ہیں، جو کہ سعودی مالیاتی نظام میں 490 ملین ریال کے مساوی ہیں۔
ذرائع مذہبی امور کے مطابق گزشتہ سال نجی اسکیم کے تحت مختص کردہ تقریباً 63 ہزار حج کوٹے کا مکمل استعمال نہ ہو سکا، اور پرائیویٹ حج آپریٹرز اس مکمل تعداد کی بکنگ نہ کر سکے۔ اسی سبب ہزاروں عازمین حج پر نہ جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی سیاست میں، تاجروں کے مسائل دب گئے: عبدالرزاق خان
سینیٹ کی مذہبی امور کمیٹی اس معاملے کی تحقیق کے بعد وزارتِ مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز دونوں کو اس صورتحال کا ذمہ دار قرار دے چکی ہے۔