ٹرمپ کا مودی کو جھٹکا، بھارت کی 7 کمپنیوں پر پابندیاں عائدکر دیں

واشنگٹن (کشمیر ڈیجیٹل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں قائم 7 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ان کمپنیوں پر ایران سے تیل کی تجارت کے الزام میں یہ کارروائی کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران تیل سے حاصل شدہ آمدنی کو مشرق وسطیٰ کو عدم استحکام کا شکار بنانے اور اپنے عوام کے استحصال کے لیے استعمال کرتا ہے۔ اسی پالیسی کے تحت امریکی محکمہ خارجہ نے ایسی 20 کمپنیوں پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو ایرانی پیٹرولیم، پیٹرولیم مصنوعات یا پیٹروکیمیکل تجارت میں شریک ہیں۔ ان کے ساتھ ساتھ 10 بحری جہازوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ان پابندیوں کا شکار ہونے والی 20 کمپنیوں میں سے 7 کمپنیاں بھارت میں قائم ہیں، جو ایران کے ساتھ تیل کی تجارت میں سرگرم تھیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز بھارت پر 25 فیصد ٹیرف اور اضافی جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ بھارت امریکا کا اچھا دوست ہے، لیکن ہم نے اس کے ساتھ بہت کم کاروبار کیا کیونکہ بھارت کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے بھارتی تجارتی پالیسیوں کو سخت اور ناقابلِ قبول قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امریکا کے مابین تاریخی تجارتی معاہدہ، وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہا

Scroll to Top