آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ 31 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں۔ کشمیر کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کی صورتحال کچھ یوں رہی، مظفرآباد میں درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ اور نمی 92 فیصد، راولا کوٹ میں 28 ڈگری اور 96 فیصد نمی، کوٹلی اور گڑھی دوپٹہ میں درجہ حرارت 36 ڈگری اور نمی 83 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
مظفرآباد، راولا کوٹ، نیلم ویلی اور دیگر علاقوں میں بادل خوب برسے، جبکہ گڑھی دوپٹہ اور ہٹیاں بالا کے نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ادھر ملک کے دیگر حصوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا۔ سید پور میں 90 ملی میٹر، شمس آباد میں 80، کٹاریاں میں 78، پی ایم ڈی میں 55 اور پیر ودھائی میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
مردان، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور، کالا باغ اور مظفرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی شدید بارشیں ہوئیں۔ ایبٹ آباد کے علاقے درویش آباد میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان ’’کو مے‘‘ چین کے شہر شنگھائی سے ٹکرا گیا، ایمرجنسی نافذ،2 لاکھ 80 ہزارافراد محفوظ مقامات پر منتقل
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں کے برساتی نالوں میں تیز بہاؤ اور طغیانی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔