جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر اور امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ چھ، سید ذیشان حیدر نے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی سے منسوب حالیہ متنازعہ ویڈیو کے تناظر میں ایک واضح، سنجیدہ اور ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے پارٹی کے تمام عہدیداران، کارکنان، ووٹرز اور سپورٹرز کو سختی سے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس معاملے پر کسی قسم کی رائے، تبصرہ، حمایت یا مخالفت سے مکمل اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد شخصیات کے خلاف نہیں بلکہ ایک منظم مشن ہے جو حقیقی آزادی، آئینی بالادستی اور آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے جاری ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمیں اخلاقی اقدار اور سماجی وقار کو ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا۔
سید ذیشان حیدر نے مزید زور دیا کہ تحریک انصاف کسی فرد یا شخصیت کی کردار کشی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ لہٰذا پارٹی کا کوئی بھی فرد عوامی سطح پر یا سوشل میڈیا پر کسی ایسی پوسٹ، تبصرے یا گفتگو سے مکمل گریز کرے جو کسی کی دل آزاری یا تضحیک کا باعث بنے۔
یہ بھی پڑھیں: انوارالحق نےبھمبر میں زمینوں پر قبضے کئے، حساب دینا ہوگا،راجہ فاروق حیدر
تمام ذمہ داران، کارکنان، ووٹرز اور ہمدرد اس ہدایت پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ پارٹی کا اخلاقی معیار اور اتحاد برقرار رہے۔