مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) حکومتِ آزاد کشمیر نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے چار ناموں پر مشتمل پینل وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین کشمیر کونسل کو بھجوا دیا ہے۔ پینل میں سابق چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس مصطفیٰ مغل، سابق جج ہائیکورٹ اظہر سلیم بابر، صداقت حسین راجہ اور سابق بیوروکریٹ فرحت علی میر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم پاکستان بطور چیئرمین کشمیر کونسل ان میں سے کسی ایک نام کا انتخاب کریں گے اور صدر آزاد جموں و کشمیر کو ایڈوائس ارسال کریں گے، جس کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پینل کی تیاری میں قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مشاورت مکمل کی ہے، تاکہ ایک غیرجانبدار اور باوقار شخصیت کو چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: یکم اگست سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی متوقع
یاد رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی آئینی تقاضا ہے اور آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کی شفافیت کے لیے اس عہدے پر فوری تقرری کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔