(کشمیر ڈیجیٹل)حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پونچھ نے نجی تعلیمی اداروں، نجی اسپتالوں اور دیگر کاروباری مراکز کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو مقررہ کم از کم اجرت، یعنی 37,000 روپے ماہانہ، ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، متعلقہ تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں کی تفصیلات، قومی شناختی کارڈز کی نقول، اور ماہ جون 2025 کی تنخواہوں کی ادائیگی کے ثبوت، جیسے پے رول، بینک اسٹیٹمنٹ یا حلف نامہ، 7 اگست 2025 تک دفتر ڈپٹی کمشنر پونچھ راولاکوٹ میں جمع کروائیں۔
نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کوئی ادارہ ان ہدایات پر عمل درآمد میں ناکام رہا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے سب ڈویژن میں تمام نجی تعلیمی اداروں، اسپتالوں اور تجارتی مراکز کی فہرست تیار کریں اور ادارہ جاتی سطح پر ان احکامات کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ تمام متعلقہ اداروں کو فرداً فرداً مطلع کریں اور ان سے وصولی کی رسید کے ساتھ رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی زائرین کیلئے خوشخبری: پی آئی اے کا خصوصی اربعین فلائٹ آپریشن 8 اگست سے شروع ہوگا
ڈپٹی کمشنر آفس نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔