( کشمیر ڈیجیٹل)دنیا کی پہلی انتہائی حقیقت سے قریب تر روبوٹ آرٹسٹ “Ai-Da” نہ صرف فن تخلیق کر رہی ہے بلکہ وہ انسانوں کے ساتھ ہمارے تعلق پر بھی سوالات اٹھا رہی ہے۔
یہ انوکھی روبوٹ فنکار آکسفورڈ میں ماڈرن اینڈ کانٹیمپرری آرٹ کے ماہر ایڈن میلر کے تخیل سے بنی ہے اور برطانیہ میں “انجینیئرڈ آرٹس” کمپنی نے اس کی تیاری مکمل کی۔ ایئ-ڈا کو بطور انسان نما روبوٹ تخلیق کیا گیا ہے تاکہ وہ حقیقی فن پارے تخلیق کر سکے۔ حالیہ دنوں میں اس نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوئم کا ایک پورٹریٹ پیش کیا۔
ایڈن میلر کا کہنا ہے کہ ایئ-ڈا کا فن اور اس کی موجودگی ہمارے وقت کے بڑے فکری اور تکنیکی سوالات کو چھیڑتی ہے۔ روبوٹ کے “آنکھوں” میں نصب کیمرے تصاویر لیتے ہیں، جو بعدازاں اے آئی الگورتھمز کے ذریعے ایئ-ڈا کے بازو تک پہنچتی ہیں۔ وہ تصویری کوآرڈینیٹس کی مدد سے پینٹ برش سنبھال کر پورٹریٹ یا پینٹنگ بنا سکتی ہے۔
میلر کے مطابق، “آپ اس سے مل سکتے ہیں، بات چیت کر سکتے ہیں اور وہ آپ کو دیکھ کر آپ کی تصویر بنا سکتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ لوگ آج بھی 1950ء کے زمانے کے روبوٹس کے تصور میں رہتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ آج کے روبوٹس بہت دلکش اور متاثر کن ہیں۔ “جب ایک روبوٹ آپ کی آنکھوں میں دیکھ کر آپ کا نام لیتا ہے، تب جا کر اس سائنسی دنیا کی حقیقت کا ادراک ہوتا ہے جس میں ہم داخل ہو چکے ہیں۔”
ایئ-ڈا کو جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں اقوام متحدہ کے “AI for Good” عالمی سمٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کی دعوت بھی دی گئی ہے۔
2024 میں ایئ-ڈا نے مشہور برطانوی ریاضی دان اور اینیگما کوڈ توڑنے والے ماہر، ایلن ٹیورنگ کا تین حصوں پر مشتمل پورٹریٹ بنایا، جو نیلامی میں ایک ملین پاؤنڈ سے زیادہ میں فروخت ہوا۔ 2025 میں، اس روبوٹ فنکارہ نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کو اپنا نیا موضوع چُنا۔
ایڈن میلر، جو ایئ-ڈا کے خالق ہیں، کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی ترقی اور ماحول کے ساتھ انسان کے بدلتے تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے، بادشاہ چارلس ایک بہترین موضوع ثابت ہوئے۔
اگرچہ ایئ-ڈا نے بادشاہ چارلس سے کبھی ملاقات نہیں کی، لیکن بکنگھم پیلس نے اس کے تیار کردہ فن پارے کی نمائش کی باقاعدہ اجازت دے دی۔
جب ایئ-ڈا سے اس کے فن کے موضوعات کے انتخاب کے بارے میں سوال کیا گیا تو ایڈن میلر نے بتایا کہ یہ عمل کبھی کبھار حیرت انگیز اور پریشان کن بھی ہوتا ہے کیونکہ “ہم صرف اس سے سوال کرتے ہیں۔” ایئ-ڈا چونکہ انٹرنیٹ سے منسلک ہے، اس لیے وہ مختلف شخصیات کے بارے میں کافی معلومات رکھتی ہے اور تفصیل سے بات بھی کر سکتی ہے۔ وہ انہی معلومات کی بنیاد پر اپنے فن کا آغاز کرتی ہے۔
اسی طرح، 2023 میں اس نے ملکہ الزبتھ دوم کی تصویر بھی بنائی تھی۔
ایڈن میلر کا کہنا ہے کہ ایئ-ڈا کے ساتھ گزرے چھ سالوں میں جو سب سے اہم احساس ہوا وہ یہ تھا کہ یہ تجربہ ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ ایئ-ڈا کتنی انسان جیسی ہے نہیں، بلکہ ہم خود کتنا مشینی انداز میں جینے لگے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ نے ستائیسویں بار پاک بھارت جنگ رکوانے کا کریڈٹ لے لیا
ان کے بقول، “ایئ-ڈا کے ساتھ کام کرنا ہمیں اپنے ہی وجود اور سوچ کے بارے میں سوالات اُٹھانے پر مجبور کرتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایئ-ڈا کا فن لوگوں کو سوچنے پر آمادہ کرے اور ایک نیا مکالمہ جنم لے۔”