معروف امریکی ریسلر ہلک ہوگن 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق لیجنڈ ریسلر کا انتقال فلوریڈا میں ان کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ہلک ہوگن نے گزشتہ ماہ دل کی سرجری کرائی تھی اور حالیہ ہفتوں میں صحت یاب ہو رہے تھے۔
کچھ ہفتے قبل ہلک ہوگن کی اہلیہ نے بھی ہلک ہوگن کے کوما میں ہونے کی افواہوں کی تردید کی تھی۔
ہلک ہوگن کی سوانح حیات
ہلک ہوگن 1953 میں پیدا ہوئے، ان کا شمار 1980 اور 1990 کی دہائی میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے اسٹارز میں ہوا کرتا تھا۔
ہلک ہوگن کا اصل نام ٹیری جین بولیا (Terry Gene Bollea) تھا تاہم وہ ہلک ہوگن کے نام سے مشہور تھے ۔
انہوں نے کیریئر میں متعدد چیمپئن شپ ٹائٹلز اپنے نام کیے، 2005 میں ہلک ہوگن کو پہلی بار WWE ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔
ہلک ہوگن نہ صرف ریسلنگ رنگ میں بلکہ فلموں اور ٹی وی شوز میں بھی مشہور رہے۔
ان کی وفات پر ریسلنگ انڈسٹری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔
ہم نے اچھی دوست کو کھو دیا، ٹرمپ کا اظہار افسوس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ہم نے ایک اچھے دوست کو کھودیا، ہلک ہوگن صحیح معنوں میں ’میگا‘ کے حامی تھے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہلکہ ہوگن نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں بھی شاندار تقریر کی تھی، انہوں نے دنیا بھر کے مداحوں کو محظوظ کیا اور اُن کا ثقافتی اثر بے حد وسیع تھا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ ہلک ہوگن کی اہلیہ اسکائی اور اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہلک ہوگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔