امریکہ نے بھارتی طلبہ کے ویزے بڑی تعداد میں مسترد کر دیے، تعلیمی مستقبل خطرے میں پڑ گیا

نئی دہلی : بھارت کو ایک اور عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑاجب امریکہ نے بڑی تعداد میں بھارتی طلبہ کی ویزا درخواستیں مسترد کرنا شروع کر دیں۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق، ویزا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور ہزاروں طلبہ کی تعلیم اور مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں ویزا اپوائنٹمنٹس کی عدم دستیابی، ویزا سلاٹس کی بندش اور درخواستوں کی بڑے پیمانے پر مستردگی کے نتیجے میں، بھارتی طلبہ کی امریکہ میں تعداد میں 70 تا 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ امریکی حکام کی جانب سے انکار کی وجہ امیگریشن قانون کی دفعہ 214(B) بتائی گئی، جس کے تحت درخواست گزار کے وطن واپس نہ آنے کے خدشات ظاہر کیے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال بھارتی طلبہ پر امریکہ کے عدم اعتماد کی علامت ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق، مودی حکومت نے بارہا امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کے مضبوط ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم حالیہ پیش رفت نے ان دعوؤں کو جھٹلا دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، بھارتی حکومت کی سافٹ پاور پالیسی، جس میں نوجوانوں کو بھارت کے نمائندہ کے طور پر پیش کیا جاتا تھا اب مشکلات کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 5 طیارے گرنے سے متعلق راہول گاندھی کا مودی سے سچ سامنے لانے کا مطالبہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حکومت کے اقدامات، اقلیتوں سے متعلق پالیسیوں اور بعض انتہاپسندانہ رویوں نے بھارت کو عالمی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکہ سمیت متعدد مغربی ممالک نے بھارت سے محتاط فاصلہ اختیار کرنا شروع کر دیا ہے، جو بھارتی خارجہ پالیسی کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے۔

Scroll to Top