اسلام گڑھ میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز، کمشنر میرپور ڈویژن کی درخت لگانے کی اپیل

(کشمیر ڈیجیٹل): کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کی بنیادی وجہ درختوں کی بے دریغ کٹائی اور انفرادی و اجتماعی طور پر درخت نہ لگانے کا رجحان ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز اسلام گڑھ کے معاون کمشنر آفس میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قومی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے موجودہ شجرکاری سیزن میں کم از کم ایک درخت ضرور لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھروں، دفاتر اور کھلی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ضرورت ہے۔

چوہدری مختار حسین نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی سب سے بڑی وجہ درختوں کی اندھا دھند کٹائی ہے۔ ہمیں آج ہی سوچنا ہو گا تاکہ آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی بحران سے بچایا جا سکے۔ اگر درخت لگانے کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو آنے والی نسلیں اس کے نقصانات بھگتیں گی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، اس لیے ہمیں اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ موجودہ سیزن میں ہر فرد کو درخت لگانے کی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا۔

کمشنر میرپور ڈویژن نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں شجرکاری کے لیے ایک مربوط منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس میں محکمہ جنگلات اور دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے مختلف طبقات کی شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ عوام اور اداروں کو مفت درخت فراہم کیے جائیں گے اور یہ ان کی ذمہ داری ہو گی کہ وہ ان درختوں کو موزوں مقامات پر لگا کر ان کی حفاظت بھی کریں۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے و ایم ڈی اے چوہدری امجد اقبال، ڈی ایف او میرپور راجہ عمران شفیع، ایکسیئن الیکٹریسٹی خواجہ وقار، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ میاں شمس، اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ سید یاسر آفتاب گردیزی، تحصیلدار راجہ آصف منیر، نائب تحصیلدار چوہدری محمد الطاف، قائم مقام چیئرمین میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ محمد اسحاق مغل، صدر انجمن تاجران اسلام گڑھ الحاج محمد یونس فائقو، سابق ایڈمنسٹریٹر اسلام گڑھ لالہ تصدق علی رفیقی، کونسلر کنٹریکٹر چوہدری طالب حسین، صدر چنار پریس کلب اسلام گڑھ چوہدری امجد علی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما محمود احمد قاضی، چوہدری ناظم حسین، چوہدری منشا تاج، چوہدری غلام فرید، چوہدری محمد حنیف، ایس ڈی او الیکٹریسٹی راجہ یاسر بشیر، پروفیسر بلال احمد ڈار، کمانڈر محمد رفیق، مصیر عبدالرزاق، چوہدری شوکت علی اور علاقہ بھر سے بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پونچھ دریا میں طغیانی کا خدشہ: مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت

Scroll to Top