پلندری (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سید ممتاز کاظمی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بائی چوائس پاکستانی ہیں اور انہوں نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ پاکستان کیساتھ الحاق کی صورت میں کر لیا تھا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس پلندری میں یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر منعقدہ مرکزی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام نے اپنے اسلاف کے فیصلے کو اپنی منزل بنایا ہے اور اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس نظریے کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں ۔
یہ بھی پڑھیں:چکسواری کی ترقی ، اتحاد اور عوامی مسائل کا حل میری ترجیح ہے : قاسم مجید
انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت اور ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ کشمیریوں نے ہمیشہ قربانیوں اور عزم سے یہ واضح کیا ہے کہ ان کا مستقبل پاکستان کے ساتھ جڑا ہے۔سید ممتاز کاظمی نے اس بات پر زور دیا کہ نئی نسل کو اپنی تاریخ ، نظریہ اور اساس سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نظریہ الحاق پاکستان کو مضبوط بنیادوں پر قائم رکھا جا سکے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری صرف حکومت کی نہیں بلکہ معاشرے کے تمام طبقات کی ہے کہ وہ اس شعور کو اجاگر کریں۔تقریب کے دیگر مقررین نے بھی الحاق پاکستان کے نظریے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اُن اکابرین کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے پاکستان سے وابستگی کا راستہ منتخب کیا اور اس کے لیے تاریخی جدوجہد کی ۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ الحاقِ پاکستان کشمیریوں کی پاکستان سے وفاداری کا تاریخی دن ہے : سیدذیشان حیدر
مقررین نے اعادہ کیا کہ کشمیری قوم اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے حقِ خودارادیت کے ذریعے پاکستان کیساتھ آئینی اور نظریاتی الحاق کا خواب ضرور پورا کرے گی ۔ تقریب میں سپرنٹنڈنٹ پولیس سدھنوتی راجہ ندیم احمد ، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، ضلعی افسران ، اساتذہ ، طلبہ، وکلاء ، تاجران ، صحافی، بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔