اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر و رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں 19 جولائی 1947 کو کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش اور فیصلہ کن دن قرار دیا،
جب آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے سری نگر میں ایک تاریخی اجلاس کے دوران پاکستان سے الحاق کی متفقہ قرارداد منظور کر کے ریاست کے مسلمانوں کی اجتماعی خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد محض ایک علامتی اعلان نہیں تھا بلکہ برصغیر کی تقسیم کے اصولوں، یعنی مذہب، جغرافیہ اور عوامی رجحانات کے عین مطابق تھا کیونکہ جموں و کشمیر کی بھاری اکثریت مسلمان تھی، جن کے مذہبی، ثقافتی اور معاشی رشتے صدیوں سے پاکستان سے جڑے ہوئے تھے۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ 19 جولائی کا دن نہ صرف ہماری تاریخ کا روشن باب ہے بلکہ یہ عہدِ وفا کا دن ہے جس دن کشمیری عوام نے پاکستان کو اپنا مستقبل، اپنی منزل اور اپنی شناخت قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ دن ہر سال ہمیں اپنے اس ازلی اور غیر متزلزل رشتے کی یاد دہانی کراتا ہے جو ایمان، محبت اور قربانی پر قائم ہے۔
سابق وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کشمیریوں کے حوصلے کبھی متزلزل نہیں کر سکی۔
کشمیریوں نے ہمیشہ اپنے خون سے تاریخ رقم کی ہے اور اپنے جذبۂ الحاقِ پاکستان کو ہر امتحان میں سچ کر دکھایا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا جائز حق، یعنی حقِ خودارادیت، فوری طور پر دلانے میں کردار ادا کرے۔
سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان کے عوام، میڈیا اور سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس جدوجہد میں سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں اور عالمی سطح پر ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج جب کشمیری عوام بھارت کے جبر کے سامنے سینہ سپر ہیں، تو اُنہیں سب سے زیادہ پاکستان کی بھرپور تائید اور عملی یکجہتی کی ضرورت ہے۔
آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کانیا سپیل ،سیلابی صورتحال ، الرٹ جاری