پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا

پاک فضائیہ نے ایک بار پھر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کر دیا۔ برطانیہ میں ہونے والے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں پاک فضائیہ کے جنگی اور ٹرانسپورٹ طیاروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے۔

اس بین الاقوامی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جدید ترین JF-17C بلاک III طیارے کو “اسپرٹ آف دی میٹ” (Spirit of the Meet) ٹرافی سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ طیارے کی غیر معمولی پرواز، شاندار کارکردگی اور تکنیکی مہارت کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ یہ اعزاز JF-17C بلاک III کی عالمی سطح پر افادیت اور قابلیت کا ثبوت ہے، جس نے معرکہ حق میں بھارتی فضائیہ کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔

ایئر شو میں پاک فضائیہ کے ایک اور طیارے C-130 نے بھی سب کی توجہ حاصل کی۔ اسے شو کے سب سے باوقار اعزاز Concours d’Elegance Trophy سے نوازا گیا۔ یہ ٹرافی ایسے طیارے کو دی جاتی ہے جو نہ صرف تکنیکی اعتبار سے نمایاں ہو بلکہ اپنی پیشکش اور ظاہری خوبصورتی میں بھی سب پر سبقت لے جائے۔

خصوصی توجہ کا مرکز وہ حیران کن سفر تھا جو JF-17C بلاک III نے پاکستان سے برطانیہ تک کیا۔ یہ سفر نان اسٹاپ ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے مکمل کیا گیا، جو پاک فضائیہ کی غیر معمولی مہارت، تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ ہے۔

JF-17C بلاک III نہ صرف پاکستان کی جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا نمائندہ طیارہ ہے بلکہ یہ عالمی دفاعی منڈی میں پاکستان کے وقار اور صلاحیتوں کی پہچان بن چکا ہے۔

رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو جیسے عالمی شہرت یافتہ شو میں یہ اعزازات حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ ہر محاذ پر اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو متاثر کر رہی ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف قومی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کے لیے ایک فخر کی علامت ہے۔

Scroll to Top