یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی پاکستان سے وابستگی کی روشن علامت ہے، صدر آصف زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ اور پاکستان سے ان کے فطری و دائمی رشتے کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں آج دنیا بھر میں آزادی، حریت اور قربانی کی عظیم مثال کے طور پر تسلیم کی جا رہی ہیں۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی تھی، جو نہ صرف تاریخ کا اہم باب ہے بلکہ آج بھی کشمیریوں کے پاکستان سے مضبوط تعلق کی غمازی کرتا ہے۔

صدر نے کہا کہ بھارتی مظالم اور جبر کے باوجود کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کو ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا، پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم میں مون سون الرٹ، شاردا 1122 یونٹ کی فعالیت کا اعلان

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔

Scroll to Top