نائب صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سید ذیشان حیدر نے آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کو انصاف، میرٹ اور نوجوانوں کی عظیم جیت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی، رشوت پر مبنی اور سیاسی بنیادوں پر ہونے والی سکیل 1 تا 15 کی تمام تقرریوں کو روکنا ایک تاریخ ساز قدم ہے۔ انہوں نے پرانی تاریخوں پر کی گئی جعلی بھرتیوں کو معطل کرنے کے عندیہ کو عوام، قانون اور شفافیت کی فتح قرار دیا۔
اپنے ردعمل میں سید ذیشان حیدر نے کہا:”الحمدللہ! ہماری مسلسل عوامی، قانونی اور میڈیا کے محاذ پر کی گئی جدوجہد رنگ لے آئی ہے۔ یہ فیصلہ ان تمام باشعور نوجوانوں کے نام ہے جنہوں نے ناانصافی کے خلاف آواز بلند کی اور میرٹ کی بحالی کے لیے ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:”اب آئندہ اس طرح کی جعلی سلیکشن کمیٹیوں کے ذریعے تقرریاں نہیں ہو سکیں گی۔ جہلم ویلی سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے کے کارندے ان نوکریوں کے عوض رشوت لے چکے تھے اور سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کے لیے جال بچھا رہے تھے، مگر ان کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ:”سب سے زیادہ جعلی تقرریاں جہلم ویلی میں کی جا رہی تھیں۔ اب ایک ایک تقرری کا حساب ہوگا، ایک ایک کا احتساب ہوگا۔ میرٹ کے خلاف ظلم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔”
ذیشان حیدر نے جسٹس شاہد بہار، دیگر معزز ججز، اور کیس میں نمائندگی کرنے والے راجہ سجاد ایڈووکیٹ سمیت تمام وکلاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عدالتی فیصلے کو آزاد کشمیر میں کرپٹ، موروثی اور اقربا پرور سیاسی کلچر کے خاتمے کی طرف ایک فیصلہ کن قدم قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب، انتظامیہ الرٹ
آخر میں انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:”آپ سب کو دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ کی بیداری اور جدوجہد ہی اصل تبدیلی کی بنیاد ہے۔ انشاءاللہ اب نہ کوئی جعلی تقرری ہوگی، نہ کوئی سیاسی سودا بازی — صرف میرٹ، انصاف اور شفافیت!”
پاک فوج زندہ باد 🇵🇰
پاکستان تحریک انصاف زندہ باد
آزاد کشمیر پائندہ باد