ماحولیاتی تحفظ کے لیے سرگرم کارکن راجہ شکیل خان نے محکمہ جنگلات اور “آرگینک گروورز پرساچہ” (Organic Growers Parsacha) کے اشتراک سے بڑے پیمانے پر مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت ماحول دوست پودے عوام کو مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ رضاکاروں کی ٹیم مختلف علاقوں میں شجرکاری میں مصروف ہے۔
راجہ شکیل خان اور ان کی رضاکار ٹیم نے رواں مون سون سیزن میں 5 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مہم کی افتتاحی تقریب “آرگینک گروورز فارم” (Organic Growers Farm) پر منعقد ہوئی، جس میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سید مظہر نقوی ، ضلعی اطلاعات آفیسر سہیل خان، مقامی افراد اور رضاکاروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سید مظہر نقوی نے کہا کہ محکمہ جنگلات کا نعرہ ’’ہر بشر دو شجر‘‘ صرف نعرہ نہیں بلکہ ایک سوچ ہے، جس کے ذریعے عوام کو درخت لگانے کی ترغیب دی جاتی ہے تاکہ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں موسمیاتی تبدیلیوںکے خطرناک اثرات کے پیش نظر شجرکاری ناگزیر ہو چکی ہے۔
اس موقع پر ضلعی اطلاعات آفیسر سہیل خان نے کہا کہ “آرگینک گروورز” کا قیام عوام میں نامیاتی کاشتکاری کے فروغ اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا عوامی رائے کو بیدار کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ضرور ہے، مگر اصل تبدیلی زمینی سطح پر اجتماعی اقدام سے ہی آتی ہے۔
ماحولیاتی کارکن راجہ شکیل خان نے خطاب میں موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی شجرکاری مہم کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلات کا تحفظ اتنا ہی اہم ہے جتنا درخت لگانا۔ انہوں نے مقامی افراد اور اداروں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں مون سون کی جھڑیاں، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نشیبی علاقےزیرآب
شرکاء نے راجہ شکیل خان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔