بھارت نے جنگی جنون اور خطے میں بالادستی کے عزائم کے تحت اپنے پڑوسی ملک میانمار کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد پار ڈرون حملے کیے ہیں ۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق بھارتی علیحدگی پسند تنظیم یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (اُلفا) نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی افواج نے میانمار میں واقع تنظیم کے ایک کیمپ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں تنظیم کے 3اعلیٰ کمانڈر ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے، جن میں عام شہری بھی شامل ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کو دفاعی محاذ پر بڑادھچکا، برازیلین حکومت کا آکاش میزائل ڈیل سے انکار
رپورٹس کے مطابق حملے میانمار کے صوبہ ساگاینگ میں کیے گئے ، جہاں بھارتی فوج نے مبینہ طور پر 150 اسرائیلی ساختہ ڈرون استعمال کیے ۔ حملے بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے سرحدی علاقوں سے کیے گئے ۔ اب تک بھارتی حکومت یا فوج کی جانب سے ان حملوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ۔
یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا،انڈین سیاسی قیادت سے ہضم نہیں ہورہا،اسحاق ڈار
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ حملے ثابت ہو جاتے ہیں تو یہ اقدام نہ صرف میانمار کی علاقائی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ خطے میں سفارتی کشیدگی اور عدم استحکام کو بھی جنم دے سکتا ہے ۔