مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر اور حلقہ اسمبلی جہلم ویلی 6 کے امیدوار، سید ذیشان حیدر نے جہلم ویلی میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے باعث کئی علاقوں کی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں۔ آمدورفت کی بندش کے باعث مقامی آبادی، خصوصاً مریضوں، بزرگوں اور بچوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
سید ذیشان حیدر نے ضلعی انتظامیہ، ایس ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں سے فوری ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی بحالی، بند علاقوں کا رابطہ بحال کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ متاثرہ علاقوں کا سروے کر کے نقصانات کا درست تخمینہ لگایا جائے اور متاثرین کو مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ جلد از جلد اپنی زندگی معمول پر لا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ آفات کا شکار ہونے والے شہریوں کی فوری مدد کرے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی، نالہ شوائی میں دوبارہ بجری فروخت شروع
سید ذیشان حیدر نے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔