اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے اپوزیشن لیڈر اور مرکزی رہنما خواجہ فاروق احمد نے اسلام آباد میں پارٹی کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ۔
ان ملاقاتوں میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما امجد خان نیازی، خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل تھے ۔
ملاقاتوں کے دوران محرم الحرام کے بعد عمران خان کی رہائی کے لیے مجوزہ احتجاجی تحریک کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی ، جبکہ آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات بارے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
یہ بھی پڑھیں:مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کرنا عوامی ایکشن کمیٹی کادائرہ اختیار نہیں، خواجہ فاروق احمد
خواجہ فاروق احمد نے راولپنڈی کی خصوصی عدالت میں محترمہ حلیمہ خان سے بھی ملاقات کی اور انہیں آزادکشمیر پی ٹی آئی کی جانب سے مکمل تعاون اور تحریک میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر خواجہ فاروق احمد نے توقع ظاہر کی کہ پارٹی کی مرکزی قیادت آزادکشمیر کے معاملات پر بھی بھرپور توجہ دے گی تاکہ تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں مضبوط اور مؤثر انداز میں حصہ لے سکے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول میں ’’خرید و فروخت ‘‘کی جو منڈی لگی ہوئی ہے، عوام آئندہ انتخابات میں ان عناصر کو سخت سبق سکھائیں گے۔
پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونیوالے افراد کیخلاف آئندہ 3 سے 4 روز میں عدالتی اور دیگر متعلقہ فورمز پر رجوع کیا جائیگا تاکہ سیاسی وفاداریاں بیچنے والوں کا احتساب ممکن ہو ۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا 10 محرم کے بعد عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان
خواجہ فاروق نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کے پی ٹی آئی کارکن عمران خان کی رہائی کے لیے جب بھی کال دی جائے گی ، وہ بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ جنید اکبر اعوان ، عباس بٹ اور خواجہ شہزاد سمیت دیگر امیدوارانِ اسمبلی بھی موجود تھے ۔