وزارتِ داخلہ نے محرم الحرام اور خاص طور پر یومِ عاشور کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پنجاب کے 23 حساس اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزارتِ داخلہ نے صوبوں کی درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
پنجاب حکومت کی سفارش پر جن اضلاع میں سروس بند کی جائے گی ان میں شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور وزیر آباد شامل ہیں جہاں مخصوص اوقات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔
اس کے علاوہ چکوال، راولپنڈی، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر اور فیصل آباد میں بھی یہی پابندی لاگو ہو گی۔
دیگر متاثرہ اضلاع میں جھنگ، ملتان، لودھراں، اوکاڑہ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بہاولنگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ ان تمام علاقوں میں سروس مختلف اوقات میں معطل کی جائے گی تاکہ مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کیپٹن شیر خان شہید کو 26ویں برسی پر مسلح افواج کا خراجِ عقیدت
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا ہے اور سروس کی بندش صرف مخصوص اوقات تک محدود رہے گی۔