پاک فوج کا راولا کوٹ میں سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی پروگرام

راولا کوٹ: پاک فوج نے آزاد کشمیر کے علاقے راولا کوٹ میں سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیاجس میں کور کمانڈر راولپنڈی اور جی او سی مری مہمانِ خصوصی تھے۔ اس تقریب میں سینکڑوں ریٹائرڈ فوجیوں نے شرکت کی جہاں ان کی فلاحی ضروریات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

کور کمانڈر راولپنڈی نے اپنے خطاب میں پاکستان کے مسلم دنیا میں اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے درپیش قومی چیلنجز کا ذکر کیا۔ انہوں نے پاک فوج کے اُن جوانوں کی قربانیوں کو سراہا جو 23,000 فٹ کی بلندی پر مادرِ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔

تقریب کے دوران فوجی قیادت نے سابق اہلکاروں کے مسائل براہِ راست سنے اور ان کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔ کور کمانڈر نے نوجوان نسل پر سوشل میڈیا کے اثرات کا بھی تذکرہ کیا اور مثبت مکالمے کو فروغ دینے پر زور دیا۔

یہ تقریب سابق فوجیوں کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ثابت ہوئی جہاں انہوں نے اپنی مشکلات کا اظہار کیا اور موجودہ فوجی قیادت سے براہِ راست تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی تاکہ فوج اور اس کے سابق اہلکاروں کے درمیان مضبوط روابط برقرار رہیں۔

یہ تقریب نہ صرف فوجی برادری کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کی کاوش تھی بلکہ اس کا مقصد سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے مسائل کو حل کرنا اور قومی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا بھی تھا۔

Scroll to Top