کھوئیرٹہ : کوٹلی کے علاقے کھوڑ رچھالہ میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول میں مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں دو سو سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیاجبکہ انہیں لیبارٹری ٹیسٹ اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
کیمپ کے انعقاد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر عبدالقیوم قمر ایڈووکیٹ کا تعاون شامل رہا۔ کیمپ میں مسلم ہینڈز کے ایریا منیجر حافظ محمد شفیق، پیپلزپارٹی کے مرکزی نائب صدر عبدالقیوم قمر ایڈووکیٹ، ٹی ایچ کیو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عاصم کریم، سینئر صدر معلم رئیس خان اور دیگر معززین علاقہ نے شرکت کی۔
ایم بی بی ایس ڈاکٹر عبدالقائود اور مسلم ہینڈز کی ماہر طبی ٹیم نے مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ دورانِ معائنہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں میں تشویشناک حد تک اضافے کا انکشاف ہوا۔
ایریا منیجر مسلم ہینڈز حافظ محمد شفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ہیپاٹائٹس کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صحت عامہ کے حوالے سے مزید اقدامات اٹھانے پر زور دیا اور ایسے فری میڈیکل کیمپس کے تسلسل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
معززینِ علاقہ نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث ایسے کیمپس عوام کے لیے بڑی سہولت ہیں۔