ہونڈا اٹلس نے ایک بار پھر موٹر سائیکلیں مہنگی کردیں، نئی قیمتیں جاری

اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے وفاقی بجٹ کی منظوری کے بعد ایک مرتبہ پھر اپنی موٹر سائیکلوں کی قیمت میں 2 ہزار روپے سے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کردیاہے۔

اٹلس ہونڈا کی جانب سے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔

ہونڈا کی جانب سے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی جانب سے مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں موٹر سائیکل انجنز کی درآمد پر ایک فیصد کاربن لیوی لگانے کے بعد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 25موٹرسائیکل چرانے والے ملزم نے جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد مزید15موٹرسائیکل چرالئے

انڈسٹری ذرائع اور ڈیلرز کی جانب سے اٹلس ہونڈا کے موٹرسائیکلوں کی قیمت میں کئے گئے اس اضافے کی تصدیق کی ہے۔

ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹر سائیکل اسمبلرز  کے چیئرمین محمد صابر شیخ نے کہا کہ کاربن لیوی نے موٹر سائیکل ساز کمپنیوں کو قیمتیں بڑھانے پر مجبور کیا۔

کمپنی کے سب سے مقبول ماڈل سی ڈی-70 دو ہزار روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 59 ہزار 900 کی ہوگئی ہے۔

اسی طرح سی ڈی-70 ڈریم کی قیمت 2 ہزار روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 70 ہزار 900 روپے ہوگئی جب کہ ہونڈا پرائیڈر کی قیمت میں 3 ہزار روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 2 لاکھ 11 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔

علاوہ ازیں سی جی-125‘ کی قیمت 4 ہزار روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے ہوگئی جبکہ اس کا سیلف اسٹارٹ اور گولڈ ورژن کی قیمتوں میں بھی 4،4 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جو اب بالترتیب 2 لاکھ 86 ہزار 900 اور 2 لاکھ 96 ہزار 900 روپے میں فروخت ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: لائسنس کے بغیر موٹرسائیکل چلانے پر 25 ہزار اور کار پر 50 ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ

اٹلس ہونڈا کے مہنگے ماڈلز پر سب سے زیادہ اثر پڑا ہے، سی بی-125ایف‘ کی قیمت میں 6 ہزار روپے کا اضافہ ہوا اور اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 96 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح، ’سی بی-150 ایف‘ 4 لاکھ 99 ہزار 900 اور ’سی بی-150 ایف‘ اسپیشل 5 لاکھ 3 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔

Scroll to Top